اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں لیکن اتفاق نہیں کرتے، تعصبانہ فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔
فیصلے میں ایازصادق پر کوئی بے ضابطگی ثابت نہیں ہوسکی،اسلام آباد میں ہری پور سے کامیاب ہونیوالے رکن اسمبلی بابر نواز کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیاگیا۔
ظہرانے میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید، سابق وزیر اعلیٰ کے پی کے پیر صابر شاہ سمیت دیگر رہنماﺅں نے شرکت کی ۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کے دوران پرویز رشید کا کہنا تھا کہ الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں لیکن اتفاق نہیں کرتے۔
فیصلے میں ایازصادق پر کوئی بے ضابطگی ثابت نہیں ہوسکی، پرویز رشید کا مزید کہنا تھا کہ فیصلے میں ن لیگ کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے، جنہیں منصفانہ کردار ادا کرنا چاہیے تھا ان پر انصاف کی بجائے تعصب اور خودنمائی حاوی ہوگئی ہے۔
فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرینگے اور اس کا فیصلہ بھی تسلیم کرینگے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور ن لیگ میں یہی فرق ہے کہ ہم کارکنوں کو عزت دیتے ہیں جبکہ تحریک انصاف والے کنٹینرپر کھڑے ہونے کےلئے لاشوں کے انبار لگادیتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو کم مارجن ہار سے فرق نہیں پڑتا، بابر نواز نے بڑی لیڈ سے جیت کر عمران خان کی تسلی کرادی ہے۔ تقریب سے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی، پیر صابر شاہ سمیت دیگر رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔