کوک اسٹوڈیو کے سال 2022 کے سپر ہٹ گانے ’پسوڑی‘ نے یوٹیوب پر 1 بلین ویوز کا سنگ میل عبور کر لیا ہے، اور اس طرح یہ اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان میں بننے والی پہلی میوزک ویڈیو بن گئی ہے۔
کوک اسٹوڈیو نے اتوار کے روز انسٹاگرام پر اس بڑی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے ’ہر اس ایک فرد کا شکریہ ادا کیا جس نے پلے کا بٹن دبایا، ساتھ گایا اور اس گانے کو اپنا بنایا‘۔
علی سیٹھی اور شے گل کا یہ گانا 7 فروری 2022 کو ریلیز ہوا، جسے ایک ارب ویوز کا ہدف پورا کرنے میں تقریبا چار سال اور سات ماہ کا عرصہ لگا۔ ریلیز کے سال یہ گانا اسپاٹیفائی پر سب سے زیادہ سنا جانے والا پاکستانی گانہ تھا، اور اب بھی یہ قریب 405 ملین اسٹریمز کے ساتھ اس پلیٹ فارم پر علی سیٹھی اور شے گل دونوں کا سب سے زیادہ سنا جانے والا ٹریک ہے۔
اس اعلان کے ساتھ ہی کوک اسٹوڈیو نے ایک ریل بھی شیئر کی جس میں علی سیٹھی اور شے گل کے ساتھ پروڈیوسرز ذوالفقار خان (زلفی) اور عبداللہ صدیقی بھی موجود تھے، جنہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ ’پسوڑی‘ نے بتدریج عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائی اور پاکستان، بھارت سمیت برصغیر سے باہر بھی اس کے متعدد کور گانے تخلیق کیے گئے۔
یہ گانہ ڈزنی کی سیریز ’مس مارول‘ کی ساؤنڈ ٹریک کا بھی حصہ بنا، جس میں پاکستانی ثقافت کو نمایاں کیا گیا تھا۔ اس گانے کی مقبولیت افریقہ تک پہنچی جہاں کوک اسٹوڈیو افریقہ نے اس کا ایک ریمکس جاری کیا جس میں علی سیٹھی نے مروان موسیٰ اور ریکادو بینکس کے ساتھ مل کر اصل گانے کو نائیجیرین افرو بیٹس کی دھنوں کے ساتھ پیش کیا۔اس کے علاوہ بالی ووڈ کے معروف گلوکار ارجیت سنگھ نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔


