پی آئی اے کی پرواز سے ٹورنٹو جانیوالے مسافر کو دل کا دورہ

شہر قائد سے ٹورنٹو جانے والی پی آئی اے کی پرواز کے دوران مسافر کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث واپس کراچی لینڈ کرلی گئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی سے ٹورنٹو جانے والی قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 783 میں سوار مسافر کی اچانک طبعیت خراب ہوگئی۔
فضائی عملے کا کہنا ہے کہ طیارے کے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی سیٹ نمبر ای 44 پر بیٹھے مسافر سید وسیع کو دل کا دورہ پڑا، جس کے باعث کپتان سے فوری طور پر پرواز کو واپس کراچی لانے کا فیصلہ کیا۔
پرواز کی کراچی ایئرپورٹ میڈیکل لینڈنگ کےلیے کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا، جس کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر طبی امداد فراہم کرنے سے متعلق انتظامات کیے گئے۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ پرواز نے مقامی وقت کے مطابق 1 بج کر 5 منٹ پر واپس کراچی لینڈ کیا، جہاں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ایمبولینس اور طبی عملہ موجود تھا۔
ایئرپورٹ پر طیارے کی لینڈنگ ہوتے ہی مسافر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا جائے گا۔