تازہ ترین

امریکی طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش

امریکا میں ایک شخص نے مبینہ طور پر دوران پرواز طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کی لیکن عملے کی بروقت پھرتی سے مذکورہ شخص پر قابو پا لیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ڈیلٹا ایئر ویز کی لاس اینجلس سے نیشول جانے والی پرواز پر پیش آیا۔ مذکورہ شخص نے اچانک اٹھ کر کاک پٹ میں جانے کی کوشش کی جس پر طیارے میں ہلچل مچ گئی۔

تاہم اس سے قبل کہ وہ کسی کو نقصان پہنچا سکتا پرواز کا عملہ تیزی سے حرکت میں آیا اور کئی افراد نے اسے قابو کرلیا۔ مذکورہ شخص کے ہاتھ پاؤں باندھ کر ایک سیٹ پر ڈال دیا گیا۔

جہاز میں موجود ایک خاتون مسافر نے 2 منٹ طویل ایک ویڈیو ٹویٹر پر پوسٹ کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جہاز کا عملہ مذکورہ شخص کو نیچے گرا کر اس کے ہاتھ پاؤں باندھ رہا ہے۔

ناخوشگوار صورتحال کے باعث پرواز کو البکرکی کے شہر موڑ دیا گیا جہاں طیارے نے ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ وہاں پولیس اور ایف آئی نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

مذکورہ شخص کو جہاز سے اتار لینے کے بعد پرواز اپنی منزل نیشول کی جانب روانہ ہوگئی۔

تاحال قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کوئی معلومات نہیں دیں کہ آیا مذکورہ شخص مسلح تھا یا نشے میں تھا، اور نہ ہی یہ پتہ چل سکا کہ اس شخص کا مقصد کیا تھا۔

Comments