کراچی : کوئٹہ سے کراچی آنے والا مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا ، کپتان نے حاضر دماغی سے پرواز کی بحفاظت لینڈنگ کی۔
تفصیلات کے مطاطق کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف پرندوں کی بھرمار طیاروں کے لیے خطرہ بن گئی۔
تاہم کپتان کی حاضر دماغی نے طیارے کوپرندے سےٹکرانےسے بچالیا ، نجی ایئرلائن کی پرواز کوئٹہ سے کراچی آرہی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ نجی ایئرلائن کی پرواز لینڈنگ سے قبل پرندوں کی بڑی تعداد کے باعث خطرے سے دوچار ہوئی ، جس پر کپتان نے بروقت کنٹرول ٹاور سے فوری رابطہ کیا۔
کنٹرول ٹاور کی ہدایت پر کپتان نے طیارے کو گوارا راؤنڈ کرایا، جس کے بعد ایئرپورٹ انتظامیہ نے برڈ شوٹر کے ذریعے لینڈنگ ایریا کو کلیئر کیا اور ایریا کلیئر ہونے کے بعد طیارے کو بحفاظت جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ کے اطراف پرندوں کی موجودگی سے فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ انتظامیہ نے پرندوں کے خاتمے کے لیے اضافی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں


