کراچی : اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا تاہم پائلٹ نے کمال مہارت سے طیارہ بحفاظت لینڈ کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کراچی سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے والی نجی ائیرلائن کی پرواز خوفناک حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گئی۔
نجی ایئرلائن کی پرواز ای آر 500 کراچی سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کررہی تھی کہ اچانک پرندہ طیارے سے ٹکرا گیا۔
پرندہ ٹکرانے سے ایئربس 330 طیارہ کے لینڈنگ گیئر کو نقصان پہنچا تاہم پائلٹ نے جہاز کو بحفاظت اتارا، جس کے بعد طیارے کو گراؤنڈ کردیا گیا۔
اس حوالے سے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی سے دوسری پرواز کے ذریعے طیارے کے پرزاجات منگوانے ہیں۔
ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پرندہ ٹکرانے کے باعث کراچی جانے والی پرواز تاخیر کا شکار ہوگئی، مسافروں کو دوسری پرواز کے ذریعے کراچی روانہ کیا جائے گا۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ طیارے کی تاخیر اور اڑان کے دوران مسافروں کو تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔