ہفتہ, جون 13, 2026
اشتہار

کراچی ایئرپورٹ پر مسافر کی جعلی دستاویزات پر جنوبی افریقہ جانے کی کوشش ناکام

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کی جعلی دستاویزات پر جنوبی افریقہ جانے کی کوشش ناکام بنادی گئی ، ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے یہ جعلی این او سی اپنے کزن اسامہ طارق کی مدد سے تیار کروایا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرونِ ملک جانے کی کوشش کرنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ مسافر بابر خالد جنوبی افریقہ جانے کے لیے ایئرپورٹ پہنچا تھا۔ امیگریشن حکام نے دورانِ جانچ پڑتال مسافر کے این او سی پر شک ہونے پر اس کی تصدیق کی، تو معلوم ہوا کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے نام پر پیش کیا گیا یہ این او سی مکمل طور پر جعلی اور فرضی ہے۔

گرفتاری کے بعد مسافر نے اعترافِ جرم کر لیا ہے، ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے یہ جعلی این او سی اپنے کزن اسامہ طارق کی مدد سے تیار کروایا تھا۔

ایف آئی اے حکام نے جب ملزم کے موبائل فون کی تلاشی لی تو اس سے متعدد جعلی این او سی ٹیمپلیٹس بھی برآمد ہوئے، جو ظاہر کرتے ہیں کہ یہ گروہ بڑے پیمانے پر جعلی دستاویزات کی تیاری میں ملوث ہو سکتا ہے۔

ایف آئی اے نے مسافر کو آف لوڈ کرنے کے بعد فوری طور پر حراست میں لے لیا۔ ملزم کو مزید تفتیش اور قانونی چارہ جوئی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کے کزن اور دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

+ posts

محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں