وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے ڈی پورٹ بھکاریوں کے پاسپورٹ بلاک کیے جارہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کہا کہ نہیں چاہتے کہ کوئی غیرقانونی طور پر بیرون ملک جائے، بھیک مانگنے کا کوئی ویزا نہیں ہے، عمرے کا ویزہ لگوا کر سعودی عرب جاکر لوگ بھیک مانگتے ہیں۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ مختلف جرائم میں ملوث ہزاروں افراد کے پاسپورٹ بلاک کردیے گئے ہیں، 5 سال تک ان کے پاسپورٹ کی تجدید نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیاں واضح ہونی چاہیے، پالیسیوں میں بار بار تبدیلیوں سے کاروباری طبقہ متاثر ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اسپین کے اندر 20 ہزار پاکستانیوں کو ریزیڈنسی مل جائے گی، بیرون ملک روزگار سے پاکستان کو ترسیلات زر حاصل ہوتا ہے، پچھلے ایک سال میں ریکارڈ پاکستانیوں کو باہر بھجوایا ہے۔
چوہدری سالک نے کہا کہ کوشش ہے جو بھی بیرون ملک جائے اس کے پاس سافٹ اسکلز ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیورو آف امیگریشن سے متعلق شکایات کا ازالہ کیا ہے، لائسنس ہولڈرز کو لائسنس دینے کے لیے شرائط عائد کررہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


