اسلام آباد (12 اگست 2026): پاکستانی پاسپورٹ کو اعلیٰ ترین بین الاقوامی سکیورٹی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
بین الاقوامی پاسپورٹ سکیورٹی اور جدید ٹیکنالوجی کے نمائندے نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈائریکٹر جنرلم حمد علی رندھاوا سے ملاقات کے دوران پاسپورٹ سکیورٹی اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق اپنی مصنوعات اور جدید حل پیش کیے۔
یہ بھی پڑھیں: حج 2027 کیلیے پاسپورٹ کی میعاد کتنی ہونی چاہیے؟
ملاقات کے دوران پاکستانی پاسپورٹ میں جدید ترین سکیورٹی فیچرز متعارف کروانے کے امکانات کا جائزہ اور اس کو جعل سازی اور ردوبدل سے مزید محفوظ بنانے کیلیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی قبولیت اور فوری تصدیق کی صلاحیت مزید بہتر بنانے پر بھی گفتگو کی گئی۔
بین الاقوامی کمپنی کے نمائندے نے جدید پاسپورٹ سکیورٹی ٹیکنالوجیز پر جامع بریفنگ دی۔ دنیا کے محفوظ ترین پاسپورٹس رکھنے والے ممالک کے سکیورٹی ماڈلز اور عالمی بہترین طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے سینئر افسران، تکنیکی ٹیموں اور فرانزک ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی جس میں جدید سکیورٹی سلوشنز کی تکنیکی افادیت اور عملی نفاذ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔


