کراچی: پاکستانی نیوی کی پاسنگ آٓؤٹ پریڈ شہرقائد میں واقع نیول اکیڈمی میں منعقد ہوئی‘ دوخواتین کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہونے والوں میں شامل ہیں۔
کراچی میں پاک نیوی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی پروقار تقریب میں ایئر چیف مارشل سہیل امان بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے‘ اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئےمہمانِ خصوصی ایئر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ پاکستان غیر معمولی حالات سےگزر رہا ہے ‘ کیڈٹس اب اپنی عملی زندگی میں داخل ہورہے ہیں ‘ اپنی جان سے بڑھ کرسرحدوں کادفاع کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ دوست ممالک کے کیڈٹس کو پیشہ ورانہ امور کی تربیت فراہم کرتی آئی ہے اور امید ہے مستقبل میں یہ سلسلہ مزید وسیع پیمانے پر جاری رہے گا۔
تقریب میں نیول چیف ایڈمرل ذکا اللہ بھی موجود تھے اوران کے ہمراہ پاک بحریہ کے اعلیٰ افسران اور دیگر معزز مہمانوں نے بڑی تعدا د میں شرکت کی۔
تقریب میں 70 کیڈٹس نے کمیشن حاصل کیا‘ پاسنگ آؤٹ ہونے والوں میں دوخواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں اور یمن سے بھی ایک کیڈٹ شامل ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے اہم ترین جغرفیائی محلِ وقوع کے سبب پاک بحریہ دفاعِ وطن میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری کے قیام سے بحریہ کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔