ایف بی آر نے سسٹم کےغیرمحفوظ ہونے کی خبروں کی تردید کردی، واقعہ ٹیکس دہندہ کی اپنی کوتاہی کی وجہ سے پیش آیا۔
پاس ورڈ کے غلط استعمال کا واقعہ سامنے آنے کے بعد فیڈر بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ ایف بی آر وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے کی غلط تشریح کی سختی سے تردید کرتا ہے، مذکورہ کیس میں شکایت کنندہ کا پاس ورڈ خود ٹیکس دہندہ کی تحویل میں تھا۔
اعلامیے میں کہا کہ پاس ورڈ کے غلط استعمال کا واقعہ ٹیکس دہندہ کی اپنی کوتاہی کی وجہ سے پیش آیا، بےضابطگی کی نشاندہی سب سے پہلے ایف بی آر کے انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ونگ نےکی۔
ایف بی آر کے آئی ٹی سسٹم کے سیکیورٹی پراسسز کی جامع اوورہالنگ دسمبر 2024 میں مکمل کی گئی تھی، ایف بی آر کا آئی ٹی انفرااسٹرکچر جدیدترین سیکیورٹی انفارمیشن اینڈ ایونٹ مینجمنٹ سے ہم آہنگ ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ ایف بی آر کا آئی ٹی انفرااسٹرکچر سیکیورٹی آرکسٹریشن، آٹومیشن اینڈ ریسپانس سسٹمز کے تحت ہے۔
تمام اہم سرورز، ڈیٹا اسٹوریج سہولت پوائنٹ ڈیٹیکشن، ملٹی فیکٹر تصدیقی میکنزم سے لیس ہیں، ایف بی آر میں جدیدترین لاگنگ میکنزم بھی بروئےکار لائے گئے ہیں، مئی 2025 میں ورک فلو میں کیو آر کوڈ پر مبنی تصدیقی نظام متعارف کرایا گیا۔
ایف بی آر اعلامیے میں بتایا گیا کہ کیو آر کوڈ پر مبنی تصدیق نظام عارضی طور پر ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کی درخواست پر معطل کیا گیا۔
ٹیکس دہندگان کو چاہیے کہ وہ ایسے پاس ورڈ نہ رکھیں جن کا اندازہ آسانی سے لگایا جاسکے، ٹیکس دہندگان مضبوط پاس ورڈ بنائیں جس میں حروف، اعداد اور خصوصی علامات کا امتزاج ہو۔
ایف بی آر اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ایک ہی پاس ورڈ کو مختلف پلیٹ فارمز پر استعمال نہ کریں اور اپنے پاس ورڈز ہر وقت محفوظ رکھیں، کوئی بھی سیکیورٹی سسٹم پاس ورڈ کی چوری یا چوری شدہ پاس ورڈ کےغلط استعمال کا پتا نہیں لگا سکتا۔
عالمی اداروں کا ہم پر اتنا اعتماد نہیں جتنا ہونا چاہیے، چیئرمین ایف بی آر


