لاہور: پاکستان عوامی تحریک نے لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
سیکریٹری جنرل پی اے ٹی خرم نواز گنڈاپور نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی این اے 127 میں بھرپور حمایت اور ان کیلیے جلسہ بھی کریں گے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پیپلز پارٹی کیلیے ہماری حمایت اس حلقے میں نظر آئے گی، ہماری مخالفت صرف (ن) لیگ سے ہے کیونکہ وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اب تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف نہیں ملا، پی پی نے 17 جون 2014 سے سانحہ ماڈل پر اصولی مؤقف اپنایا، ہم انتقام کی سیاست کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
متعلقہ: (ن) لیگ سے دوبارہ اتحاد کریں تو پیپلز پارٹی کیلیے شرمندگی ہوگی، بلاول بھٹو
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی ہم نے پہلے ضمنی الیکشن میں بھی مدد کی تھی۔
قبل ازیں، سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹریٹ پہنچے تھے جہاں انہوں نے خرم نواز گنڈاپور سمیت پی اے ٹی کے دیگر کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کی تھیں۔
بعد ازاں، خرم نواز گنڈاپور کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) سے دوبارہ اتحاد کریں تو یہ پیپلز پارٹی کیلیے شرمندگی ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سیاست ذاتی دشمنی تک پہنچ چکی ہے، میاں صاحب وزیر اعظم بنیں گے تو ان کا سیاسی ایجنڈا انتقام لینا ہوگا جس سے عوام کو نقصان پہنچے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کا مقابلہ کریں، ہماری خواہش ہے پاکستان کو جدید ریاست بنائیں اور اسلام کا اصل پُرامن چہرہ دنیا کے سامنے آئے، پُرامن طریقے سے نفرت کی سیاست کا مقابلہ کر کے نئی سوچ اور سیاست متعارف کروانا چاہتے ہیں۔