پتوکی : اشتہاری مجرموں کی جانب سے پولیس پارٹی پر فائرنگ کے نتیجے میں چوکی انچارج سرسنگھ میاں محمد رفیق شہید ہوگئے، محمد رفیق کی لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال قصور منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع قصور کی تحصیل پتوکی تھانہ سرائے مغل کے علاقہ ہنجرائے کلاں میں پولیس مقابلے میں اشتہاری ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی ، فائرنگ کے نتیجے میں پولیس چوکی سر سنگھ کے چوکی انچارج میاں محمد رفیق شہید ہو گئے۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کر لیا تاہم اشتہاری مجرمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ڈی پی او قصور صہیب اشرف اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچے ، چوکی انچارج سرسنگھ میاں محمد رفیق کی لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ھسپتال قصور منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ضروری کاروائی کے بعد ان کا جنازہ پولیس لائن قصور میں پورے اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے۔