واشنگٹن : امریکی ایف ڈی اے نے کورونا وائرس کے علاج کیلئے پہلی ٹیبلٹ کی منظوری دے دی ہے، کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ دوا بیماری شدید ہونے کے خطرے کو90 فیصد تک کم کر سکتی ہے۔
اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے نے بتایا ہے کہ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے اعلامیہ کے مطابق فائزر کی تیار کردہ پہلی گولی استعمال کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔
ایف ڈی اے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ گولی صرف کورونا کی شدید بیماری کے شکارافراد کو ہی دی جائے گی، کورونا کی یہ دوا صرف ڈاکٹر کے لکھے گئے نسخے پر مریض کو فراہم کی جائے گی۔
فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے مطابق کورونا کے خلاف جدوجہد میں آج یہ بڑا قدم ہے، نئی دوا کو "پیکس لوویڈ” کا نام دیا گیا ہے، نئی دوا کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کو روکے گی، اس کے علاوہ لوگوں سے اپیل ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین ضرور لگوائیں۔
مذکورہ گولی 12 سال کے بچے اور اس سے زائد عمر کے افراد استعمال کرسکتے ہیں۔ فائزر کی گولی پیکسلوویڈ کورونا وائرس کے مریض کو دن میں 2 مرتبہ 5 روز تک استعمال کرنی ہو گی۔ امریکا نے اس دوا کے لیے دوا ساز کمپنی فائزر سے 5 اعشاریہ 3 ارب ڈالر کا معاہدہ بھی کر لیا ہے۔