لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کےمالی سال18-2017کی آڈٹ رپورٹ منظرعام پرآگئی، گزشتہ مالی سال میں بورڈ کے خزانے میں کمی واقع ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کےاثاثے18-2017میں 9ارب70کروڑ86ہزار535تھے۔ گزشتہ مالی سال میں پی سی بی کی آمدنی5ارب13کروڑ 10لاکھ ،3ہزار966روپےرہی۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق ہوم ،نیوٹرل وینیوزسے خزانےمیں 96 کروڑ45لاکھ19 ہزارروپےجمع ہوئے جبکہ مختلف ٹورنامنٹس میں شرکت پر 3 ارب 36 کروڑ 7 لاکھ 16 ہزارروپےکمائے۔
رپورٹ کے مطا بق سپانسرز نے 20 کروڑ49 لاکھ 91 ہزار اداکیے جبکہ کرائے کی مد میں پی سی بی کو2 کروڑ53 لاکھ 78 ہزار روپےملے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خزانے میں کمی کا سبب سیریز کے غیر جانبدار مقام پر انعقاد کے سبب ہونے والے دوگنا اخراجات ہیں۔ ہوم ، نیوٹرل وینیوز پر 39 کروڑ83 لاکھ77 ہزار913 روپے کا اضافی خرچہ ہوا۔
دوسری جانب آ فیشلز کے بیرون ملک دوروں پر مالی سال 2018 میں اخراجات کم ہوئے تاہم کرکٹ بورڈ کے انتظامی اخراجات میں بھی اضافہ ہوا۔انتظامی امور کے لیے 36کروڑ،4 لاکھ ،26 ہزار،1 سو 47 روپے کا اضاٖفہ ہوا۔
ایک سال میں آمدن اور اخراجات کے بعد پی سی بی کے خزانے میں مجموعی طور پر رقم کم ہوئی ہے ۔بورڈ کے خرانے میں 15 کروڑ 8 لاکھ 50 ہزار 4 سو 29 روپے کی کمی ہوئی ہے۔سال 2017 میں خزانے میں رقم 8 ارب 43 کروڑ40 لاکھ سےزائدتھی۔2018 میں رقم 8ارب ،28 کروڑ31 لاکھ 73 ہزار 629 روپے رہ گئی۔