The news is by your side.

Advertisement

چیئرمین کرکٹ کمیٹی کیلئے تین ناموں زیر غور، قرعہ کس کے نام کھلے گا؟

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیئرمین کرکٹ کمیٹی کا نیا چیئرمین منتخب کرنے کےلیے تین ناموں پر غور شروع کردیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین کرکٹ کمیٹی اقبال قاسم کے مستعفی ہونے کے بعد چیئرمین کا عہدہ خالی تھا جس کےلیے پی سی بی کی جانب سے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیئرمین کرکٹ کمیٹی کےلیے ظہیر عباس، انتخاب عالم اور سلیم یوسف کا نام تجویز کیا ہے، آئندہ ہفتے ان میں سے کسی ایک فرد کے نام چیئرمین کا قرعہ کھلے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے ان تین ناموں کے علاوہ بھی کئی کرکٹرز کے نام زیر غور ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ ہفتے ہی چیئرمین کرکٹ کمیٹی کے نام کا اعلان کرے گا کیونکہ رواں ماہ کے اختتام سے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کا آغاز ہوگا جس سے قبل کمیٹی کا اجلاس بلانا ضروری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے کمیٹی کے ایک رکن کا نام بطور آئی سی سی میچ ریفری کےلیے بھجوایا جائے گا، میچ ریفری بننے کی صورت میں ایک رکن کی سیٹ خالی ہوگی جس کے بعد نئے رکن کا انتخاب کرنا پڑے گا۔

‘ڈمی چیئرمین ہوں’ چیئرمین کرکٹ کمیٹی اقبال قاسم مستعفی

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کرکٹ کمیٹی اقبال قاسم نے خود کو ڈمی چیئرمین کہتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

استعفے کے متن میں اقبال قاسم نے کہا تھا کہ میں ایک ڈمی چیئرمین ہوں جو ایک میچ ریفری کی بھی سفارش نہیں کرسکتا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں