site
stats
کھیل

مصباح الحق عمران خان سے بہتر کپتان ثابت ہوئے ہیں، شہریار خان

اسلام آباد : پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ مصباح الحق عمران خان سے بھی بہتر کپتان ثابت ہوئے ہیں اسی طرح میاں داد بہترین بلے باز اور پاکستان کا اثاثہ ہیں لیکن وہ اچھے کوچ ثابت نہیں ہوئے۔

قومی اسمبلی کی بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کا اجلاس میں چیئرمین شہریار خان نے بریفنگ دیتے ہوئے مصباح کو عمران خان سے بھی بہتر کپتان قراردیا انہوں نے کہا کہ دکھ ہے کہ اب مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کا وقت آگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ سے پیدا ہونے والے خلاء کو پُر کرنے کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے تاکہ وہ مستقبل کے مصباح الحق بن سکیں اور پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی پیش کریں۔

چیئرمین شہریار خان کا کہنا تھا کہ حسن علی، بابر اعظم و دیگر نوجوان سے اچھی امیدیں وابستہ ہیں اور نئے ابھرتے ہوئے با صلاحیت کھلاڑیوں پر مینیجمنٹ، کوچ اور آفیشلز کی جانب سے انتھک محنت کی جا رہی ہے تاکہ قوم کا ٹیلنٹ ضائع نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل کراکر ثابت کردیا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور بین الاقوامی کرکٹرز پاکستان آکر کھیلیں گے تو نوجوان کرکٹرز کو مزید سیکھنے کا موقع ملے گا اور ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بھارت نے پاکستان سے سیریز کھیلنے سے انکار کردیا ہے جس کی وجہ سے بورڈ کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا اس لیے بھارتی بورڈ کو 64 ملین ہرجانے کا نوٹس بھی بھجوا دیا گیا ہے۔

کمیٹی ارکان نے سابق بلے باز اور کپتان جاوید میاں داد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جاوید میانداد سے بڑا کھلاڑی اور کوچ کوئی اور نہیں ہو سکتا اس لیے انہیں کوچ کی ذمہ داری دینی چاہیے تاکہ نوجوان کرکٹرز ان سے سیکھ سکھیں۔

شہریار خان نے کہا کہ کوچنگ ایک الگ فیلڈ ہے اور ضروری نہیں کہ ہر بڑا بلے باز یا باؤلر اچھا کوچ بھی ثابت ہو جیسے ؑعظیم کرکٹرز ویوین رچرڈ اچھے کوچ ثابت نہی ہوسکے اسی طرح ظہیرعباس اور میاں داد بھی اس شعبے میں ناکام رہے ہیں جیسا کہ ماضی میں میاں داد کے فیل ہوجانے پر کوچ کی ذمہ داری باب وولمر کو دی گئی تھی۔

Print Friendly, PDF & Email
20

Comments

comments

اس ویب سائیٹ پر موجود تمام تحریری مواد کے جملہ حقوق@2018 اے آروائی نیوز کے نام محفوظ ہیں

To Top