The news is by your side.

Advertisement

پی سی بی نے تمام ڈومیسٹک کرکٹرز کے کنٹریکٹ میں توسیع کردی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تمام ڈومیسٹک کرکٹرز، کوچز کے کنٹریکٹ میں ایک ماہ کی توسیع کردی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے تمام ڈومیسٹک کرکٹرز، کوچز کے 30 جون کو ختم ہونے والے کنٹریکٹ میں 31 جولائی تک توسیع کردی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑیوں، کوچز کا 12 ماہ پر مشتمل سالانہ کنٹریکٹ یکم اگست سے شروع ہوگا،
کنٹریکٹس میں توسیع کا فیصلہ شعبہ ہائی پرفارمنس کی جانب سے کیا گیا ہے۔

ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ شعبہ ہائی پرفارمنس تمام ڈومیسٹک کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہے، جائزہ مکمل ہونے کے بعد 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے حتمی اسکواڈز کا اعلان جولائی میں کیا جائے گا۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کے مطابق پیشہ ور افراد کی کارکردگی جانچنے کا یہ ایک جدید طریقہ کار ہے، کرونا کے باعث یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ ڈومیسٹک سیزن کا آغاز کب ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا گیا تھا، جس میں سرفراز احمد کی اے کیٹیگری سے بی کیٹیگری میں تنزلی ہوئی تھی جبکہ کرکٹر حسن علی، شعیب ملک اور محمد حفیظ بھی سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کے سبب ملک میں کرکٹ کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہیں اور ڈومیسٹک کرکٹ کے مقابلے بھی ملتوی ہوچکے ہیں جبکہ قومی آئندہ چند ہفتوں میں انگلینڈ کے دورے پر روانہ ہوگی۔

Comments

یہ بھی پڑھیں