آئی سی سی کے خلاف بیان، پی سی بی نے حفیظ کو نوٹس جاری کردیا -
The news is by your side.

Advertisement

آئی سی سی کے خلاف بیان، پی سی بی نے حفیظ کو نوٹس جاری کردیا

لاہور:  معروف آل راؤنڈر محمد حفیظ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے خلاف دیاگیا متنازعہ بیان مہنگا پڑ گیا، پی سی بی نے شو کاز نوٹس جاری کردیا،  محمد حفیظ کو رواں ماہ کلیئرنس ملی ہےجس کے بعد وہ انٹرنیشنل میچز میں بالنگ کراسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں  کلیئرینس حاصل کرنے والے محمد حفیظ کے آئی سی سی  پر لگائے گئے جانبداری کے الزام میں  شو کاز نوٹس جاری کردیا ہے ، جس میں انہیں سات روز میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ کا موقف ہے کہ کوئی بھی قومی سطح کا کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ بورڈ کے قانون پر تنقید نہیں کرسکتا ، یہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ یاد رہے کہ محمد حفیظ نے آئی سی سی پر جانبداری کا الزام  لگایا تھا۔

 یادرہے کہ چند روز قبل اسٹار آل راؤنڈر نے بولنگ ایکشن کلیئر ہونے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو نشانے پر لیتے ہوئے کہا کہ کونسل پر طاقت ور بورڈ اثر انداز ہورہے ہیں۔قومی ٹیم کے سابق کپتان کا یہ بھی  کہنا تھا کہ بولنگ ایکشن سے متعلق قانون پر کئی چیزیں اثر انداز ہورہی ہیں، متعدد کرکٹ بورڈز کی طاقت کے سامنے کوئی بولنا نہیں چاہتا۔

آل راؤنڈر نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انسانی آنکھ کیسے محض ایک ڈگری کے فرق کو دیکھ سکتی ہے؟ کھلاڑیوں کو بایو مکینک ٹیسٹ کلیئر کرنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کی اجازت دی جانے چاہیے۔خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنی منظور شدہ لیب میں محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ کرنے کے بعد اسے یکم مئی کو کلیئر قرار دے دیا تھا جس کے بعد اب وہ انٹرنیشنل میچز میں بولنگ کراسکیں گے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں