لاہور: نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) میں جاری قومی کرکٹرز کے کنڈیشنگ کیمپ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 16 مئی سے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں جاری کیمپ کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد کیمپ کا دوسرا مرحلہ غیرمعینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے، کیمپ کا دوسرا مرحلہ 26 مئی سے 10 جون تک لاہور میں جاری رہنا تھا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ سدرن پنجاب اور ناردرن کی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ٹرائلز بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں، جبکہ سندھ کی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ٹرائلز کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی جارہی ہے۔
کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کیمپ اور ٹرائلز کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کنڈیشنگ کیمپ کا آغاز، بابراعظم کیوں شریک نہ ہوئے ؟
دوسری جانب چیف سلیکٹر محمد وسیم نے سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد پہلے مرحلہ میں نظر انداز چار قومی کھلاڑیوں کو دوسرے مرحلہ کیلئے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر طلب کرلیا ہے۔ عمر اکمل، حارث سہیل، شرجیل خان اور صہیب مقصود طلب کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔