پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے اصولی موقف پر ڈٹ گیا ہے آئی سی سی ڈپٹی چیئرمین کو واضح کردیا ہے کہ بھارت سے 15 فروری کا میچ نہیں کھیلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین آئی سی سی عمران خواجہ کی پی سی بی سے ملاقات کا احوال سامنے آگیا، ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی موقف پرڈٹ گیا ہے کہ بھارت سے 15 فروری کو کولمبو میں میچ نہیں کھیلیں گے، میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ حکومت پاکستان نے کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کو بتا دیا گیا کہ حکومت پاکستان ہی حتمی فیصلہ کرے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمران خواجہ کے سامنے واضح موقف رکھ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کا آج ہنگامی اجلاس، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام لاہور پہنچ گئے
عمران خواجہ نے پاکستانی موقف آئی سی سی بورڈ ممبران کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے، اس موقع پر اماراتی بورڈ کے مبشرعثمانی بھی مذاکرات میں ورچوئلی شریک ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ سری لنکن اور اماراتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی، ضرورت پڑی تو چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کل وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔
پاکستان آئی سی سی وفد کے سامنے اپنی سالانہ آمدنی میں اضافے کی شرط رکھے گا، پاکستان نے آئی سی سی وفد کو نہیں بلایا، وفد نے خود پاکستان آنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بھارتی میڈیا آئی سی سی وفد پاکستان بلانے کی جھوٹی خبریں چلارہا ہے، بھارت سے میچ کے دوران کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے کی شرط بھی رکھی جائےگی۔
اس سے قبل چیئرمین پی سی بی سے صدر بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی اہم ملاقات ہوئی، محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم آمد پر بی سی بی صدر امین السلام کا خیرمقدم کیا اور ملاقات میں کرکٹ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین السلام نے حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر اور ایڈوائزر ٹو چیئرمین پی سی بی عامرمیر بھی موجود تھے۔
کرکٹ کے بہترین مفاد میں پاکستان بھارت سے نہ کھیلنے کے فیصلے پر غور کرے، اماراتی بورڈ کی سفارش


