The news is by your side.

Advertisement

ویمنز کرکٹ سیزن برائے 23-2022 کا اعلان، کتنے غیر ملکی دورے شامل ہیں؟

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویمنز کرکٹ سیزن کے فیوچر ٹوورز کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سال دوہزار بائیس اور تئیس میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کی قیادت میںآٹھ انٹرنیشنل سیریز کھیلے گی۔

ان انٹرنیشنل سیریز میں آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ، آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز اور اے سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ بھی شامل ہیں۔

پی سی بی کے مطابق سری لنکا ویمنز ٹیم رواں سال مئی میں پاکستان کا دورہ کریگی، جہاں تین میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز کھیلی جائے گی، سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن کا حصہ ہوگی اور یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب پاکستان آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے کسی میچ کی میزبانی کرے گا۔

مہمان ٹیم اپنے دورے میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے گی۔

قومی ویمنز ٹیم ستمبر میں چین روانہ ہوگی، جہاں وہ ایشین گیمز میں شرکت کرے گی، پھر اکتوبر نومبر میں آئرلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، اس دوران مہمان ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ آئندہ برس جنوری میں ویمن ٹیم آسٹریلیا کا دورہ کرے گی اور ڈومیسٹک ٹورنامنٹس اس کے علاوہ ہیں۔

ڈومیسٹک سیزن

پی سی بی کے مطابق سیزن 23-2022 کے دوران ڈومیسٹک سطح پر بھی خواتین کرکٹ کے مقابلے منعقد ہوں گے، سیزن کا پہلا ایونٹ قومی انڈر 19 ویمنز ٹورنامنٹ اگست میں مرید کے میں کھیلا جائے گا۔

جہاں چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں شرکت کریں گی، اس ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرکٹرز کو بعد ازاں ویمنز کرکٹ سیزن 23-2022 میں سینئر ٹیموں کی نمائندگی کا موقع بھی دیا جائے گا۔

نیشنل ویمنز ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ ستمبر میں کھیلی جائے گی، ایونٹ کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پہلے مرحلے میں چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی چار ٹیمیں شرکت کریں گی اور یہاں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنے والی خواتین کرکٹرز کے ہمراہ تین نئی ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا۔ پھر ان تین ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ کی فاتح کو چیمپئن قرار دیا جائے گا۔

تیسرا اور آخری ویمنز ڈومیسٹک ایونٹ، ون ڈے ٹورنامنٹ اپریل 2023 میں کھیلا جائے گا، چار ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں کُل 14 میچز کھیلے جائیں گے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں