جمعیت علمائے اسلام کے سینئیر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ”نیازی حکومت“ کے بجائے آپس میں ہی دست و گریبان ہوچکی ہے۔
میڈیا کو جاری بیان میں حافظ حسین احمد نے کہا کہ اپوزیشن کی دو جماعتوں کے مقدمات اور مفادات کی وجہ سے حکومت گرانے کے خلاف موثر اور نتیجہ خیز تحریک ناکام ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال میں اپوزیشن نہ خود استعفیٰ دے سکی اور نہ حکمرانوں سے لے سکی ”لانگ مارچ“ کرنے والوں نے ”شارٹ مارچ“ تک نہیں کیا الیکٹرو کالج ختم کرنے سمیت سینٹ اور ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرنے والوں نے دھاندلی زدہ اسمبلی سے سینٹ کی ایک نشست جیت لی، اپوزیشن رہنما بار بار ہاتھ دھونے اور عمرانی حکومت کو گرانے کے لیے ہاتھ میں ہاتھ ڈالنے کے بجائے ایک دوسرے کے ساتھ ہی ہاتھ کرنے لگے ہیں۔
حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ مفاداتی اتحاد میں نہ باہمی اعتماد کے ایس او پیز کا خیال رکھا گیا نہ احترام کے چھ فٹ کے فاصلے کو اہمیت دی گئی اور نہ آپس میں رواداری کے ”ماسک“ کا استعمال کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے اپوزیشن کے پھول بن کھلے مرجھاگئے، اللہ تعالی پی ڈی ایم کو ”سیاسی کرونا“ 2021 ء سے محفوظ رکھے اور تمام بیمار قیادت کو جلد شفاء کاملہ عطاء فرمائے۔