بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

رضا باقر کو گورنر اسٹیٹ بینک بنا کر ملک آئی ایم ایف کے حوالے کیا گیا، پی ڈی ایم کا رد عمل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: آئی ایم ایف شرائط تسلیم کرنے سے متعلق پی ڈی ایم کا ردِ عمل سامنے آ گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 22 کروڑ عوام کی آئی ایم ایف کو فروخت کی نئی بولی لگنے جا رہی ہے، رضا باقر کو گورنر اسٹیٹ بینک بنا کر ملک آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

حمد اللہ نے کہا گورنر اسٹیٹ بینک آج بھی آئی ایم ایف کا ملازم ہے، ان کی ترجیح پاکستان نہیں آئی ایم ایف کے مفادات ہیں، ماضی میں مصر کی معیشت تباہ ہوئی، وہی فارمولا یہاں آزمایا جا رہا ہے۔

پی ڈی ایم ترجمان نے سوال اٹھایا کہ کیا 22 کروڑ آبادی میں کوئی ایسا کوالیفائیڈ شخص نہیں ہے جو گورنر اسٹیٹ بینک بن سکے۔

انھوں نے کہا آئی ایم ایف کی شرائط سے مہنگائی کی ایک نئی تباہ کن سونامی آئے گی، اور اس کے ساتھ کیا گیا معاہدہ قوم اور پاکستان کے لیے معاشی طور پر مادر آف آل بم ثابت ہوگا۔

‘پاکستان کے آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری، ناکامی کی خبردینا درست نہیں’

واضح رہے کہ وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات ابھی جاری ہیں، میڈیا میں مذاکرات کی ناکامی کی خبر چلنے کے بعد ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ آئی ایم ایف سے جاری مذاکرات کے دوران ناکامی کی خبر دینا درست نہیں۔

ہفتے کو انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری ہیں، مذاکرات مکمل ہونے پراعلامیہ جاری کر دیا جائے گا۔

یاد رہے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات مثبت سمت میں چل رہے ہیں، ڈیل سب کے سامنے آئے گی اور ایسی ڈیل نہیں کی جائے گی جس سے معیشت کو نقصان ہو۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں