تازہ ترین

پی ڈی ایم ، کوئٹہ جلسہ، بلاول نے اہم اعلان کردیا

کوئٹہ: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی بنیاد بڑی مشکل سے رکھی گئی، پی ڈی ایم کے لئے دو قدم آگے بڑھ سکتے ہیں پیچھے ہٹنے والے نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ میں آج گلگت بلتستان کے پہاڑوں سے مخاطب ہوں، پی ڈی ایم کے گوجرانوالہ جلسے نے اسلام آباد کو واضح پیغام بھیجا جبکہ کراچی کے عوام نے کامیاب جلسہ کرکے ریفرنڈم کا فیصلہ سنایا، مگر حکومت کہتی ہے کہ اپوزیشن کا مزار قائد پر جلسہ ناکام رہا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنے حقوق لینا جانتے ہیں، بلوچستان کے عوام کا سر کٹ سکتا ہے مگر جھک نہیں سکتا، بڑے صوبے کے باوجود کیا اس کی قسمت میں لکھاہے کہ ہمیشہ غریب رہیں گے، واضح کردوں کہ کہیں نہیں لکھا بلوچستان کےعوام سلیکٹڈ کےغلام رہیں گے، بلوچستان کے عوام جمہوری آزادی چاہتےہیں، یہاں کی عوام اپنی زمین، وسائل کے مالک ہونےکی آزادی چاہتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم جلسے میں ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک حقیقت میں پسماندہ علاقوں اور بلوچستان کیلئے تھا، اتنے سال گزرنے کے بعد بھی گوادر ،گلگت کے عوام محسوس کررہےہیں انھیں کوئی فائدہ نہیں ہوا، سی پیک گوادر اور گلگت کےعوام کے بغیر ممکن نہیں ، سی پیک کو کامیاب بنانا ہےتو مقامی لوگوں
کو فائدہ دینا ہوگا۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی بنیاد بڑی مشکل سے رکھی گئی ہے، پی ڈی ایم کے لئے ہم دو قدم آگے بڑھ سکتے ہیں پیچھے ہٹنے والےنہیں، جو چاہتے ہیں کہ پی ڈی ایم ٹوٹ جائے انہیں پیغام دو، پیپلزپارٹی الگ نہیں ہوگی، یہ صرف آغاز تھا مگر یہ آغاز بھی ان سے برداشت نہیں ہوا۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے لوگ پی ڈی ایم کا ساتھ دیں تاکہ جمہویت بحال ہوسکے، انشااللہ جلد ہی ہم جمہوریت بحال کریں گے۔

Comments

- Advertisement -