The news is by your side.

Advertisement

‘پی ڈی ایم کا حکومت کے خاتمے کا خواب بس خواب ہی رہے گا’

لاہور: گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا حکومت کے خاتمے کا خواب بس خواب ہی رہے گا، سیاسی مخالفین ملکی ترقی کو بر یک لگانے کے لیے انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گور نرپنجاب چوہدری محمدسرور سے پارٹی وفود نے ملاقاتیں کیں، اس موقع پر گورنرپنجاب نے اپوزیشن اتحاد کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اس کے ایجنڈے کو ریاست دشمن قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالفین ملکی ترقی کو بر یک لگانے کے لیے انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت کرپشن کے خلاف اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی، ق لیگ سمیت تمام اتحادی اور عوام حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کرپشن کا خاتمہ اور بلاتفریق شفاف احتساب ملک وقوم کے لیے لازم ہے۔

گورنر کا مزید کہنا تھا کہ عوام حکومت مخالف کسی مہم کاحصہ نہیں بنیں گے، دشمن پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں، اپوزیشن کی ملک دشمن حکمت عملی ناکام ہوگی۔

Comments

یہ بھی پڑھیں