اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولرٹی اتھارٹی نے ڈاکٹر عامر لیاقت کے تمام پروگراموں پر ایک ماہ کی پابندی عائد کردی۔
پیمرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق بول ٹی وی پر رمضان ٹرانسمیشن اور تجزیاتی پروگرام پر ایک ماہ کی پابندی عائد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت نے گزشتہ روز اپنے پروگرام میں مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کی۔
پیمرا نے بول انتظامیہ سمیت دیگر ٹی وی چینلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ عامر لیاقت کو کسی بھی پروگرام میں ایک ماہ تک مدعو نہ کریں، اگر کسی نے حکم کی خلاف ورزی کی تو اُس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عامر لیاقت نے بول ٹی وی پر افطار سے قبل پروگرام میں ایک سوال کے جواب میں عالم دین کے خلاف مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کی اور پروگرام سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔
خیال رہے کہ عامر لیاقت پر پیمرا کی جانب سے پہلی بار پابندی عائد نہیں کی گئی بلکہ اس سے قبل بھی پاکستان میڈیا ریگولرٹی اتھارٹی نے گزشتہ برس جنوری میں اینکر پرسن پر نفرت انگیز ی کا پرچار کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔