بدھ, جولائی 15, 2026
اشتہار

بھارت کے لیے بڑا دھچکا ! پینٹاگون نے انڈو پیسیفک کمانڈ کا پرانا نام بحال کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن : امریکی محکمہ جنگ کی جانب سے انڈو پیسیفک کمانڈ کا پرانا نام بحال کیے جانے کا فیصلہ بھارت کے لیے ایک بہت بڑا سفارتی اور اسٹریٹجک دھچکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق معرکہ حق میں بھارت کی عبرتناک شکست اور پاکستان کی شاندار فتح کے عالمی سیاست اور علاقائی توازن پر اثرات تیزی سے نمایاں ہونے لگے ہیں، جس کے نتیجے میں بھارت کی خود ساختہ عسکری حیثیت دنیا کے سامنے آشکار ہو گئی ہے۔

عالمی تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ بھارت طویل عرصے سے خود کو جنوبی ایشیا کا "سیکیورٹی ضامن” ثابت کرنے کا خواہشمند تھا اور مغربی ممالک بالخصوص امریکا نے اس کی اس خود ساختہ حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے اسے ‘نیٹ سیکیورٹی پرووائیڈر’ کے طور پر دیکھنا شروع کر دیا تھا۔ تاہم، معرکہ حق نے بھارت کی اس حقیقت اور عسکری استعداد کے کھوکھلے پن کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے اور نئی دہلی، پاکستان پر اپنی مرضی مسلط کرنے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔

اس بڑی دفاعی ناکامی کے بعد واشنگٹن سے ایک انتہائی اہم اور علامتی پیشرفت سامنے آئی، امریکی محکمہ جنگ نے انڈو-پیسیفک کمانڈ کا نام تبدیل کر کے دوبارہ اس کا پرانا نام "یو ایس پیسیفک کمانڈ” بحال کر دیا ہے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ ناموں کی یہ تبدیلی محض لفظی نہیں بلکہ مستقبل کی حکمت عملی، ترجیحات اور شراکت داریوں کی عکاس ہوتی ہے اور 2018ء کے فیصلے کی یہ واپسی بھارت کے لیے ایک بہت بڑا سفارتی اور اسٹریٹجک دھچکا ہے۔

معروف بھارتی دفاعی تجزیہ کار پروین سواہنی نے اس پیشرفت پر تبصرہ کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ امریکی کمانڈ کے نام کی تبدیلی بھارت کے لیے ایک کڑی ضرب ہے اور اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ جنوبی ایشیا میں بھارت کی سیاسی و جغرافیائی اہمیت تیزی سے کم ہو رہی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ امریکی فیصلے کے بعد خطے میں چین اور پاکستان کا اثر و رسوخ مزید بڑھے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت نئی دہلی اور واشنگٹن کے تعلقات شدید سرد مہری کا شکار ہیں کیونکہ امریکا کو اب بھارت کی عسکری استعداد اور صلاحیتوں پر سنگین تحفظات لاحق ہو چکے ہیں۔ یو ایس پیسیفک کمانڈ کے نام کی بحالی نے خطے میں بھارتی بالادستی کے بیانیے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

دوسری جانب، اس معرکے میں شاندار کامیابی کے بعد پاکستان اپنے کلیدی علاقائی کردار، غیر معمولی عسکری مہارت اور اسٹریٹجک اہمیت کے باعث عالمی نقشے پر ایک نمایاں اور مستحکم مقام حاصل کر چکا ہے جس کا اعتراف اب عالمی طاقتیں بھی کرنے پر مجبور ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں