ممبئی: بھارت کے انتہاء پسند شہریوں نے ایک جعلی ٹویٹ کو بنیاد بنا کر بالی ووڈ کے کنگ خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر بھارت سے کسی اور ملک چلے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیٹ پر ایک ٹویٹ سامنے آیا جس میں کہا گیا تھا کہ ’’یہ میرا چلینج پوری دنیا کے لیے ہے کہ اگر مودی دوبارہ بھارت کے وزیراعظم منتخب ہوگئے تو میں نہ صرف ٹویٹر بلکہ بھارت کو بھی ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دوں گا‘‘۔
یہ ٹویٹ دراصل ایک اسکرین شارٹ کی صورت میں زیرگردش تھا جس کو ایسا ظاہر کیا گیا تھا کہ گویا یہ کنگ خان نے اپنی آئی ڈی سے ہی کیا ہو۔
انٹرنیٹ پر سازش کے تحت تصویر جیسے ہی سامنے آئی تو بھارتیوں نے شاہ خان پر زور دیا کہ وہ اب خود ہی بھارت چھوڑ کر چلے جائیں کیونکہ مودی ایک بار پھر وزیراعظم منتخب ہوگئے۔
مذکورہ تصویر بھارت میں تیزی کے ساتھ واٹس ایپ پر بھی صارفین نے ایک دوسرے کو بھیجی اور صارفین نے مطالبہ کیا کہ شاہ رخ کو مودی سے معافی مانگنی چاہیے اگر انہیں معافی مل جائے تب ہی وہ بھارت میں رہ سکتے ہیں۔
جہاں کنگ خان کے خلاف انٹرنیٹ پر پروپیگنڈا مہم زور و شور سے جاری ہے وہیں اداکار نے دو روز گزر جانے کے باوجود مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے البتہ بھارتی میڈیا نے خود ہی وضاحت پیش کی کہ کسی نے تصویر کو ایڈیٹ کر کے جعلی ٹویٹ بنایا کیونکہ شاہ رخ خان مودی سے وزیراعظم کا حلف اٹھانے کے بعد خود مل چکے ہیں۔