کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ عوام کا پیسہ ضائع کرنے والوں کو جواب دینا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل اسپتال کے آکسیجن پلانٹ کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے شیخ زید،سول اور بی ایم سی اسپتالوں کے آکسیجن پلانٹس کو بھی فعال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے فاطمہ جناح اسپتال میں آئی سی یو بیڈز کی تعداد میں اضافے کے لیے فنڈز اجرا کی منظوری دی۔
جام کمال خان نے اجلاس کے دوران کہا کہ ایمرجنسی فیزگزرگیا اب صورت حال کے مطابق فیصلوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کرونا وائرس کے مقامی سطح پر پھیلنے پر تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق بحیثیت حکومت اپنے ہر عمل کے ذمہ دار اور جواب دہ ہیں،کرونا سے صحت کے نظام اور اسپتالوں کی کمزوریاں سامنےآئی ہیں،ایسا کوئی میکنزم نہیں بنایاگیا جس سے خرابی کے ذمہ دار جواب دہ ہوسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 3اسپتالوں کے آکسیجن پلانٹس کے لیے ماضی میں 500 ملین روپے جاری ہوئے،عوام کا پیسہ ضائع کرنے والوں کوجواب دینا ہوگا۔