سندھ حکومت نے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید جدید اور مؤثر بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں۔
اس سلسلے میں محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا ایک اعلیٰ سطحی سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی، نئے روٹس کے اجرا اور خواتین کے لیے خصوصی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کنول نظام بھٹو، پیپلز بس سروس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شفیق سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حالیہ ہفتے سکھر تا شکارپور پیپلز بس سروس کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا، جس سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو سہولت میسر آئے گی۔ مزید برآں، منصوبے کے اگلے مرحلے میں خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پور کے روٹس پر بھی بس سروس شروع کی جائے گی۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی میں نئے روٹس بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے حیدرآباد کے لیے بھی خصوصی منصوبہ بندی جاری ہے، جہاں حیدر چوک تا کوہسار اور حیدرآباد تا ٹنڈو الہیار روٹس پر جلد پیپلز بس سروس شروع کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے دوران ای وی، ہائبرڈ اور ڈبل ڈیکر بسوں کی خریداری، جبکہ مختلف اضلاع میں مرحلہ وار نئی بس سروسز شروع کرنے کا کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں خواتین کو بااختیار بنانے کے ویژن کے تحت سکھر اور حیدرآباد میں خواتین کو پنک اسکوٹیز فراہم کرنے کی تقریبات جلد منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح خواتین کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے، اور کراچی کے بعد دیگر شہروں میں پنک اسکوٹیز کی فراہمی اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
اجلاس میں ای وی ٹیکسی اور پنک ٹیکسی سروس کے آغاز کے لیے چارجنگ اسٹیشنز اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا گیا۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس ماہ کے آخر تک ای وی ٹیکسی سے متعلق تمام تقاضے مکمل کر لیے جائیں گے جس کے بعد یہ سروس جلد عوام کے لیے دستیاب ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف شہریوں کو جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


