لاہور: وزیر اعلیٰ مریم نواز کے حکم پر پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی متحرک ہوگئی، پیٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں، منافع خوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق منافع خوری کیلئے مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم جاری کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی پیرا کو ذخیرہ اندوزوں کیخلاف زیرو ٹالرنس کی ہدایت، مصنوعی قلت پیدا کرنے میں ملوث پمپس فوری سیل، لائسنس منسوخ ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیلڈ افسران کو پیٹرول پمپس کی سخت مانیٹرنگ کا حکم صادر کردیا۔
دوسری جانب پیٹرول 55 روپے مہنگا کرنے کے بعد مٹی کا تیل بھی 130 روپے 8 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے، نئی قیمت 318 روپے 81 پیسے فی لٹر ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے بعد مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی بھاری اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 130 روپے 8 پیسے فی لٹر کا بڑا اضافہ کیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 318 روپے 81 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 67 روپے 82 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس سے اس کی نئی قیمت 235 روپے 1 پیسے فی لٹر تک پہنچ گئی ہے۔
خیال رہے مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے فی لٹر پیٹرولیم لیوی بھی عائد ہے جبکہ لائٹ ڈیزل پر اس وقت 15 روپے 84 پیسے فی لٹر لیوی وصول کی جا رہی ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے اضافہ مسترد! پیپلز پارٹی کا پارلیمنٹ میں آواز اٹھانے کا اعلان
یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ رات ہی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لٹر کا تاریخی اضافہ کیا تھا، جس کے بعد اب دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئی ہیں۔
اس فیصلے سے غریب اور متوسط طبقے پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


