اسلام آباد : احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔
نیب پراسیکیوٹرافضل قریشی ،شریک ملزمان کے وکلاعدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے اور تینوں شریک ملزمان کے خلاف ٹرائل اسحاق ڈار کی گرفتاری تک روک دیا۔
عدالت نے ملزمان کی بریت درخواستوں پر فیصلہ بھی اسحاق ڈار کی گرفتاری سے مشروط کردیا۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا جب تک اسحاق ڈارکوگرفتار کرکے پیش نہیں کیا جاتا کارروائی نہیں بڑھے گی۔
بعد ازاں احتساب عدالت نے اسحاق ڈارکے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ سابق وزیر خزانہ پاکستان اسحاق ڈار کے خلاف نیب کورٹ میں آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس زیر سماعت ہے، اسحاق ڈار 3 مارچ کو سینیٹ انتخابات سے قبل طبیعت کی خرابی کے باعث لندن چلے گئے تھے، جس کے بعد تاحال اسحاق ڈار لندن میں ہی مقیم ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری اور مفرور ملزم و سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ بھی بلاک کردیا تھا جبکہ انٹرپول کے ذریعے لندن سے گرفتار کرکے وطن واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے ہوئے ہیں۔