The news is by your side.

وزیراعلیٰ پنجاب نے عمران خان سے کیا درخواست کردی؟

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے عمران خان سے سیلاب متاثرین کے لیے مالی امداد کی اپیل کرنے کی درخواست کردی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے ملاقات کی ہے، جس میں مونس الٰہی اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیلاب سے پیدا صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں کی بحالی کےلیے ممکنہ وسائل بروئے کار لارہے ہیں، عمران خان سے متاثرین کے لیے مالی امداد کی اپیل کا کہا ہے۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی مدد کرنا ہی اصل سیاست ہے، مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، متاثرین کی پکار پر سب کو یکجان ہو کر ان کا سہارا بننا ہوگا، جنوبی پنجاب، بلوچستان، خیبر پختون خواہ اور سندھ میں تباہی پر ہر دل دکھی ہے۔

راولپنڈی میں جاری منصوبوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ راولپنڈی میں گرلز ڈگری کالج پراجیکٹ کو جلد مکمل کریں گے، جبکہ نالہ لئی ایکسپریس وے پراجیکٹ پر کام جاری ہے، جس سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی، راولپنڈی کے عوام کے لئے فلاحی منصوبوں کی خودمانیٹرنگ کروں گا۔

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے اجتماعی کاوش ضروری ہے، ہنگامی حالات میں حکومت پنجاب کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔

Comments

یہ بھی پڑھیں