(3 نومبر 2025): پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر تھانہ سی ٹی ڈی میں دھماکے کے واقعے سے متعلق محکمہ انسداد دہشت گردی نے رپورٹ تیار کر لی۔
رپورٹ کے مطابق 2 نومبر کی صبح 7 بجکر 58 منٹ پر تھانہ سی ٹی ڈی کے مال خانے میں دھماکا ہوا، مال خانے میں 2025 کے دوران ملزمان سے برآمد چیزیں رکھی گئی تھیں، دھماکے سے تھانے کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے میں ہیڈ کانسٹیبل بلال شہید جبکہ 3 اہلکار زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں کانسٹیبل زیت اللہ، مدثر اور محمد ایاز شامل ہیں، تینوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پشاور: سی ٹی ڈی تھانے میں بارودی مواد کا دھماکا، اہلکار جاں بحق
سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق مال خانے میں بارودی مواد، گرینیڈز ودیگر کیس پراپرٹی تھی، مال خانے میں 23 دستی بم اور 7 گرینیڈ لیور رکھےگئے تھے، 2 کلو بارود، 42 الیکٹرک، 10 نان الیکٹرک ڈیٹونیٹر بھی موجود تھے۔
رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی مال خانے میں 2 خودکش جیکٹس، 1 آر پی جی شیل، 1 آئی ای ڈی ڈیوائس، سیفٹی فیوز، بیٹریز، الیکٹرک تاریں بھی موجود تھیں، تقریباً 60 رائفلیں، 10 کلو ہائی ایکسپلوزو بھی رکھےگئے تھے۔


