پشاور(21 مئی 2026): پشاور کی فقیر کالونی پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکیوں کو جعلی پاکستانی شناختی دستاویزات فراہم کرنے والے ایک منظم گینگ کو بے نقاب کر کے 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایس پی ریشم کے مطابق، گرفتار ملزمان غیر ملکی شہریوں کو جعلی اور غیر قانونی طریقے سے پاکستانی خاندانوں کے فیملی ٹری میں شامل کرتے تھے۔ یہ نیٹ ورک صوبے بھر میں پھیلے اپنے ایجنٹس کے ذریعے سرگرم تھا اور بھاری رقوم کے عوض جعلی شناختی کارڈز اور دیگر سرکاری دستاویزات تیار کرواتا تھا۔
ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ اس نیٹ ورک کے تانے بانے نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک تک بھی پھیلے ہوئے ہیں، اور اس سے شناختی دستاویزات حاصل کرنے والے بعض غیر ملکی عناصر حساس معلومات اکٹھی کرنے میں بھی ملوث رہے ہیں۔
ایس پی کا مزید کہنا ہے کہ اس جعل سازی میں کئی سرکاری ملازمین کے ملوث ہونے کا بھی قوی امکان ہے، جس کے باعث معاملے کی گہرائی تک پہنچنے کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پولیس نے نیٹ ورک کی دیگر اضلاع میں موجود شاخوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ ابتدائی تفتیش مکمل ہونے کے بعد واقعے کی ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے جبکہ ثبوت و شواہد کے ساتھ نادرا حکام کو بھی خطوط لکھے جا رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


