پشاور: شادی سے انکار پر لڑکے پر تیزاب پھینکنے اور فائرنگ کرنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا، تیزاب پھینکنے کے دوران ملزمہ خود بھی متاثر ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے چمکنی میں شادی سے انکار پر 26 سالہ نوجوان پر تیزاب پھینکنے اور فائرنگ کرنے کے مقدمے میں نامزد خاتون کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس نے بتایا واقعہ اس وقت پیش آیا، جب مبینہ طور پر 26 سالہ صدیق کی جانب سے شادی سے انکار پر ملزمہ نے طیش میں آ کر اس پر تیزاب پھینک دیا اور بعد ازاں فائرنگ بھی کی۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ تیزاب پھینکنے کے دوران ملزمہ خود بھی متاثر ہوئی اور اس کے ہاتھ، پاؤں اور جسم کے دیگر حصے جھلس گئے تھے۔
پولیس نے ایف آئی آر میں نامزد خاتون کو حراست میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں : شادی سے انکار پر لڑکی نے لڑکے پر تیزاب پھینک دیا
حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال سے ڈسچارج ہوتے ہی ملزمہ کا قانون کے مطابق جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔
واقعے کا باقاعدہ مقدمہ گزشتہ روز تھانہ چمکنی میں درج کیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر کے ملزمہ کو قانون کے کٹہرے میں شامل کر لیا ہے۔


