پشاور : دہشت گردوں اور پولیس میں فائرنگ سے ایک اہلکار شہید اور ایک دہشت گرد مارا گیا، پولیس نے دہشت گردوں کی کمین گاہ کو گھرے میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد فیز سیون میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مارا اس دوران دہشت گردوں اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے ۔
اس حوالے سے وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار شہید ہوا ہے، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد بھی مارا گیا ہے۔
شوکت یوسفزئی کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ دہشت گرد فیز سیون کے ایک گھر میں موجود ہیں، پولیس نفری وہاں پہنچی تو دہشت گردوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
پولیس نے گھرکو گھیرے میں لے لیا ہے، چھ سے سات دہشت گرد گھر میں موجود ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی گزشتہ دنوں حیات آباد میں جج اور ایڈیشنل آئی جی پر بھی حملے ہوئے تھے۔