پشاور (24 فروری 2026): پشاور ہائیکورٹ نے ایک وکیل اسد اللہ ایڈووکیٹ کو سوشل میڈیا پر خاتون جج کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کے کیس میں 6 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
اسد اللہ ایڈووکیٹ نے سوات کی خاتون سول جج کے خلاف توہین آمیز اور نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے، جس پر متعلقہ وکیل کے خلاف شکایت درج ہوئی، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے شکایت کو توہین عدالت پٹیشن میں تبدیل کر دیا تھا۔
ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا اسد اللہ ایڈووکیٹ توہین عدالت کے مرتکب پائے گئے ہیں، متعلقہ وکیل توہین عدالت آرڈیننس 2004 کے سیکشن 3 کے تحت قصور وار پائے گئے ہیں، جس پر متعلقہ وکیل کو چھ مہینے قید کی سزا سنائی جاتی ہے، وکیل کو ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا جاتا ہے۔
عدالت نے کہا کہ کیس کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔


