پشاور : کے پی کے کی ضلعی انتظامیہ نے پشاور میں مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردیں۔
انتظامی عملے نے مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنادی، پشاور کے موٹروے ٹول پلازہ کے قریب فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے کامیاب کارروائی کی۔
پشاور کی فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گاڑی سے دو مردہ جانور برآمد ہوئے، چارسدہ لے جایا جارہا تھا، دونوں جانوروں کو مرنے کے بعد ذبح کیا گیا تھا۔
ترجمان فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق مردہ جانوروں کو تلف کردیا گیا ہے جبکہ کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق فوڈ سیفٹی اتھارٹی حکام کو مختلف مویشی منڈیوں سے مردہ جانوروں کو اکٹھا کرکے ان کا گوشت پشاور میں سپلائی کرنے والے گروہ کی شکایت موصول ہوئی تھی جس پر انہوں نے فوری کارروائی کا حکم دیا۔