پشاور: خیبر پختون خوا میں ٹک ٹاک سے مشہور ہونے والی ایک چوری شدہ بلی کو پولیس نے ڈھونڈ نکالا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے پھندو سے چوری ہونے والی بلی برآمد کر لی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک اسٹار بلی چوری کے بعد فروخت کر دی گئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پرشین بلی کو فقیر آباد سے برآمد کیا گیا ہے، 10 روز قبل پھندو پولیس نے بلی گمشدگی کی رپورٹ درج کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق پشاور میں بلی کے مالک محمد ہارون کی جانب سے تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی، ہارون کا کہنا تھا کہ ان کی ایرانی بلی کھو گئی ہے، جس پر پولیس نے تحقیقات شروع کر دی۔
پولیس نے فقیر آباد سے بلی برآمد کی، پولیس نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے بلی چوری کے بعد ایک شہری کے ہاتھ 15 ہزار روپے میں فروخت کی تھی۔
پولیس نے بلی برآمد کر کے اس کے مالک محمد ہارون کے حوالے کر دی، مالک کا کہنا تھا کہ یہ پرشین بلی ہے جس کی قیمت لاکھوں روپے ہے۔
ٹک ٹاک پر اس بلی کی ویڈیوز اپ لوڈ کی گئی تھیں، جس کے بعد اس کو شہرت ملی۔