پشاور:تھانہ ناصر باغ کی پولیس پوسٹ سخی پل پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا اور دہشت گرد پسپا ہو کر موقع سے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے تھانہ ناصر باغ کی حدود میں واقع پولیس پوسٹ ‘سخی پل’ پر دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا، جسے پولیس نے بہادری سے ناکام بنا دیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ تاہم، وہاں تعینات اہلکاروں نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دہشت گرد پسپا ہو کر موقع سے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے تاہم خوش قسمتی سے اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واقعے کے فوری بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
شہر بھر میں پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
پشاور کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی شروع کر دی گئی ہے اور مشتبہ افراد و گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


