پشاور : ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ، تینوں دہشت گرد افغان تھے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور صدر میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ حملہ کرنے والے تینوں دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ہے، ہلاک ہونے والے تمام حملہ آور افغان شہری تھے۔
کارروائی میں تینوں دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خودکش دھماکا ہیڈکوارٹرز کے مرکزی گیٹ پر کیا گیا، جس کے فوراً بعد دو دہشت گرد سائیڈ گیٹ سے اندر داخل ہوئے۔
حملے کے وقت ہیڈکوارٹرز کے اندر جوانوں کی پریڈ جاری تھی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے دونوں دہشت گردوں کو مرکزی گیٹ سے 30 سے 40 میٹر کے اندر ہی مار گرایا۔
حملے میں ایف سی کے تین جوان شہید جبکہ گیارہ زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کرنے کے لیے تحقیقاتی ٹیموں نے کام شروع کر دیا ہے۔


