پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں کرونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مختلف افراد اور یونٹس پر 87 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں صوبائی حکومت نے کرونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں، کارروائیوں کی تفصیلی رپورٹ پی ایم آر یو چیف سیکریٹری کو ارسال کردی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر 41 ہزار 563 یونٹس اور کاروباری مراکز کو وارننگ دی گئی، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 3 ہزار 219 یونٹس سیل کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق 36 ہزار 86 افراد اور یونٹس پر 87 لاکھ 78 ہزار 980 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ صوبے کے چیف سیکریٹری کا کہنا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری رہیں گی۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں ہولناک اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 83 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 255 ہوچکی ہے۔
ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 5 ہزار 385 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ 13 ہزار 702 ہوگئی ہے۔