کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ حسن علی پی ایس ایل فائیو کے پہلے ایلیمینٹر میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر حسن علی پشاور زلمی کے اسکواڈ کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں لیکن وہ انجری کے باعث لیگ کے پانچویں سیزن کا پہلا ایلیمینٹر میچ نہیں کھیل سکیں گے۔
وہاب ریاض نے بتایا کہ حسن علی تاحال انجری سے چھٹکارا نہیں پاسکے ہیں، ہماری ٹیم مینجمنٹ ان کی بحالی کے لیے کوشاں ہے اور امید ہے کہ وہ دوسرے میچ سے قبل مکمل طور پر صحت یاب ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ فاسٹ بولر حسن علی کمر کی انجری کے باعث چھ ماہ تک کرکٹ سے دور رہے تھے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل پلے آف مرحلے سے قبل پشاور زلمی کو دھچکا
قائد اعظم ٹرافی میں کم بیک کرتے ہوئے حسن علی نے سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے تین اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں تھیں تاہم وہ ایک بار پھر کمر کی انجری کا شکار ہوگئے اور تاحال بحالی پروگرام میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل فائیو کے پلے آف مرحلے کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے اور کراچی کنگز کے تین غیر ملکی کھلاڑی کراچی پہنچ گئے ہیں۔
پلے آف میچز14 اور15 نومبر کو کھیلے جائیں گے اور چیمپئن ٹیم کا فیصلہ17 نومبرکو ہو گا۔