پشاور: اے این ایف انٹیلی جنس اور اے این ایف پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے 18 کلو گرام منشیات برآمد کرلی ہے۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) کے مطابق پشاور موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب اے این ایف انٹیلی جنس اور اے این ایف پشاور نے مشترکہ کارروائی کی، کامیاب کارروائی کے نتیجے میں 18 کلو گرام منشیات ضبط کرلی گئی ہے، برآمد منشیات میں15کلو گرام چرس اور3 کلو افیون شامل ہے۔
حکام نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ کارروائی میں رفیع اللہ اور مرسلین خان کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان نے انتہائی مہارت کے ساتھ منشیات کار کے خفیہ خانوں میں چھپا رکھی تھی، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اے این ایف انٹیلیجنس کی بڑی کارروائی، منشیات کا دھندا کرنے والے نیٹ ورک کے3 کارندے گرفتار
اس سے قبل رواں ماہ اے این ایف انٹیلی جنس نے کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات کا دھندا کرنے والے نیٹ ورک کے تین کارندے گرفتار کئے تھے، ملزمان سے مجموعی طور 94.800 کلوگرام چرس برآمد ہوئی تھی۔
حکام کا کہنا تھا کہ جوہر چورنگی کے قریب دورانِ تلاشی رکشہ سے 2 پیکٹ چرس برآمد کی گئی، گرفتار رکشہ ڈرائیور کی نشاندہی پر اے این ایف نے گلستان جوہر میں ورکشاپ پر چھاپہ مارا ، اس دوران ورکشاپ میں کھڑی سلمان زمان اور سعید خان نامی دو ملزمان کی ٹیوٹا وٹز کار سے 47 پیکٹ چرس برآمد ہوئی۔