لاہور : نیب ریفرنسز کی کارروائی مکمل ہونے تک نوازشریف اور ان کے بچوں کے اثاثے منجمد کرنے کے لئے درخواست دائر کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے اثاثے منجمد کرنے کے لئے درخواست دائر کر دی ، درخواست بیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی جانب سے دائر کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پانامہ فیصلے میں سپریم کورٹ نے شریف فیملی کے خلاف نیب کو ریفرنس دائر کرنے کے احکامات جاری کیے، جس کے بعد اب نیب کارروائی کر رہا ہے تاہم میاں نواز شریف سمیت دیگر ملزمان اس کارروائی سے بچنے کے لیے تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔
دائر درخواسر میں کہا گیا کہ نیب کارروائی سے بچنے کے لئے شریف فیملی کے بیرون ملک جانے کا بھی خدشہ ہے تاکہ وہ سزا سے بچ سکیں۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ میاں نوازشریف اور ان کے بچے پاکستان اور بیرون ملک جائیدادوں کے علاوہ متعدد اکاؤنٹس اور دیگر اثاثے موجود ہیں۔ سپریم کورٹ کے احکامات پر مکمل عمل درآمد کے لئے ریفرنسز کے فیصلے تک شریف فیملی کے تمام اثاثے منجمد کرنے کے کا حکم دیا جائے۔
مزید پڑھیں : تفتیش کے لیے پیش نہیں ہوں گے: نواز شریف کا نیب کو تحریری جواب
یاد رہے کہ نواز شریف، ان کے بچوں اور وفاقی وزیر اسحٰق ڈار کو نیب کی جانب سے 3 بار طلبی کا نوٹس جاری کیا جا چکا ہے تاہم ابھی تک کوئی بھی نیب میں پیش نہیں ہوا۔
شریف خاندان کی جانب سے نیب کو ایک نوٹس بھی بھیجا جا چکا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ابھی پاناما کیس پر نظر ثانی کی اپیل جاری ہے لہٰذا ان کے خاندان کا کوئی بھی فرد نیب میں پیش نہیں ہوسکتا۔