اتوار, جون 14, 2026
اشتہار

میڈیکل کالجز کی بھاری فیسوں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : میڈیکل کالجز کی بھاری فیسوں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ، جس میں عدالت عالیہ سے اس معاملے کا فوری نوٹس لینے کی استدعا کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پرائیویٹ اور سرکاری میڈیکل کالجز کی جانب سے وصول کی جانے والی بھاری فیسوں کے خلاف ایک اہم آئینی درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مہنگی میڈیکل تعلیم کے باعث غریب اور متوسط طبقے کے ہونہار طلبہ کا ڈاکٹر بننے کا خواب ادھورا رہ گیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں ملک کے موجودہ طبی تعلیمی نظام پر سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میڈیکل کالجز میں "میرٹ کم اور فیسیں زیادہ” ہونے کی پالیسی چل رہی ہے، جس سے قابلیت کے بجائے صرف مالی حیثیت کو ترجیح مل رہی ہے، یہ صورتحال ملک کے مجموعی میڈیکل تعلیمی نظام کو تباہ کر رہی ہے۔

درخواست گزار نے آئینِ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ آئین کے آرٹیکل 25-A کے تحت مفت اور معیاری تعلیم حاصل کرنا ملک کے ہر شہری کا بنیادی اور قانونی حق ہے، حکومت اور متعلقہ ادارے شہریوں کو یہ حق فراہم کرنے اور فیسوں کو قابو میں رکھنے میں ناکام رہے ہیں۔

درخواست میں لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عالیہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے اور میڈیکل کالجز کو طلبہ سے بھاری اور ناجائز فیسیں اصول کرنے سے روکنے کا حکم جاری کرے، اس کے علاوہ فیسوں کے ڈھانچے کو ریگولیٹ کرنے کے لیے واضح پالیسی بنانے کے احکامات دیے جائیں۔

+ posts

عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں