لاہور :لاہور ہائیکورٹ میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کے لئے درخواست دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق عہدے کی میعاد مکمل ہونے پر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کے لئے پٹیشن دائر کردی گئی۔
پٹیشن مقسط سلیم ایڈووکیٹ نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی ، جس میں نگراں وزیراعظم، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نگراں وزیراعظم کو عام انتخابات کرانے کے لئے 3ماہ کی مدت کے لئے وزیراعظم بنایا گیا، نگراں وزیراعظم آئین کے تحت 90روز میں انتخابات نہیں کروا سکے۔
دائر پٹیشن میں کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن کے مطابق عہدے کی میعاد15 نومبر کوختم ہو چکی ہے ، میعاد مکمل ہونے کے باوجود عہدے پر برقرار رہنا غیر آئینی اقدام ہے۔
پٹیشن میں کہا ہے کہ نگراں حکومت کو اعلیٰ عدالت توسیع دینے کا اختیار رکھتی ہے، الیکشن کمیشن یا کوئی آئینی ادارہ توسیع دے سکتا ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان سےرجوع کیا گیا تھا تاہم الیکشن کمیشن نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا، استدعا ہے کہ عدالت نگراں وزیراعظم کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات جاری کرے۔