منگل, مارچ 18, 2025
اشتہار

کلثوم نواز کی علالت: میڈیکل بورڈ کی تشکیل کے لیے درخواست دائر

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی بیماری پر میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ درخواست سرفراز حسین شاہ ایڈووکیٹ کی جانب سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر کی گئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان میں علاج کی بہترین سہولیات میسر ہیں مگر اس کے باوجود کلثوم نواز پاکستان سے باہر علاج کروا رہی ہیں جبکہ رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے ان کے بیرون ملک علاج کی اجازت نہیں۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں ملوث شریف خاندان کلثوم نواز کے علاج کے نام پر بیرون ملک جا چکا ہے جبکہ نیب میں اب ان کے خلاف مقدمات کی سماعت شروع ہو چکی ہے۔

مزید پڑھیں: بیگم کلثوم اسپتال سے فارغ، دعاؤں کی ضرورت ہے، نواز شریف

دائر کردہ درخواست کے مطابق کلثوم نواز حلقہ این اے 120 سے منتخب ہوئیں مگر اس وقت وہ ملک سے باہر ہیں اور حلف اٹھانے کے لیے پاکستان واپس نہیں آرہیں جو ایک اہم آئینی تقاضا ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ مانیٹرنگ جج معاملے کا نوٹس لیں اور کلثوم نواز کی بیماری پر میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے تاکہ دیکھا جا سکے کہ کلثوم نواز کا علاج پاکستان میں ممکن ہے یا نہیں جبکہ پانامہ کیس میں ملوث تمام افراد کو بیرون ملک واپس لایا جائے۔

درخواست گزار نے یہ استدعا بھی کی کہ کلثوم نواز کو حلف اٹھانے کے لیے وقت دیا جائے اگر وہ مقررہ وقت تک حلف نہ اٹھائیں تو این اے 120 کا الیکشن کالعدم قرار دے دیا جائے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں